یورپین یونین اور بھارت کے درمیان برسلز میں منعقد ہونے والی سمٹ منسوخ کر دی گئی ہے۔
اس بات کی تصدیق آج یورپین یونین کے ترجمان پیٹر استانو نے ایک پریس کانفرنس میں کی۔ دونوں فریقین کے درمیان یہ سربراہی ملاقات اور سمٹ اس ماہ کی 13 تاریخ کو یورپین دارالحکومت برسلز میں منعقد ہونا تھی۔
سمٹ کی منسوخی کی وجہ کورونا وائرس قراردی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس بات کا فیصلہ بھارتی حکام کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ سمٹ کی نئی تاریخ کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔
بھارت میں پاس کردہ متنازع شہریت قانون اور نئی دہلی میں حالیہ فسادات میں مسلمانوں کے قتل عام اور ان کی املاک کو نقصان پہنچائے جانے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ ہم آزادئ اظہار پر پابندی کودرست نہیں سمجھتے۔ اسی طرح ہم بہیمانہ تشدد کے بھی خلاف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہ ہر انسان کو پر امن احتجاج کا حق حاصل ہے۔
یاد رہے کہ یورپین یونین بھارت کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔
اس سمٹ میں بھارتی وزیراعظم مودی کی یورپین کونسل اور یورپین کمیشن کے سربراہان سے ملاقاتیں طے تھیں۔ بھارت ایک عرصے سے یورپ کے ساتھ فری ٹریڈ ایگریمنٹ کا خواہش مند ہے۔ لیکن اس میں انسانی حقوق کے مسائل سمیت بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں۔
Comments
Post a Comment